دُبئی، 2 نومبر (ایس او نیوز): بھٹکل پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کرکٹ ٹورنامنٹ کا 11واں ایڈیشن 29 دسمبر 2024 کو شروع ہوکر 26 جنوری 2025 کو یوم جمہوریہ کے موقع پر اختتام پذیر ہوگا۔ ٹیموں کے رجسٹریشن کا عمل آج، 2 نومبر سے شروع ہوچکا ہے جو 10 نومبر تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 15 سنسنی خیز میچس ہوں گے، جو صرف اتوار کو کھیلے جائیں گے، اور یہ پورا ٹورنامنٹ پانچ اتواروں پر محیط ہوگا۔ یہ تفصیلات بی پی ایل کے چیئرمین یاسر قاسمجی اور کمشنر طٰحہ معلم کی طرف سے جاری کردہ مشترکہ پریس ریلیز میں فراہم کی گئی ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق، ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیموں کو شریک ہونے کا موقع دیا جائے گا، جس میں گزشتہ ایڈیشن کی سیمی فائنلسٹ چار ٹیمیں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کی اہل ہوں گی، جبکہ دیگر چار ٹیموں کے نئے اندراجات bpluae@yahoo.com پر ای میل کے ذریعے قبول کیے جائیں گے، اور ان ٹیموں کی منظوری بی پی ایل کمیٹی دے گی۔
پریس ریلیز کے مطابق، ٹورنامنٹ کے تمام میچس دبئی کے جے ایم آر کرکٹ گراؤنڈ، زید روڈ، شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔
یو اے ای کے رہائشی ویزا یا وزٹ ویزا رکھنے والے کھلاڑی 12 نومبر سے 25 نومبر 2024 تک www.bpluae.net پر آن لائن رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے مزید وضاحت دی گئی ہے کہ میزبان کھلاڑیوں کو چھوڑ کر، ہر ٹیم ایک وزٹ ویزا والے کھلاڑی کو نیلامی کے ذریعے اپنی ٹیم میں شامل کر سکتی ہے۔
کھلاڑیوں کی نیلامی کی تقریب 8 دسمبر 2024 کو دبئی میں منعقد ہوگی، جس میں رجسٹرڈ کھلاڑیوں پر مختلف ٹیمیں بولی لگا سکیں گی۔
پریس ریلیز کے مطابق، لیگ مرحلے کے میچس دوپہر 2:30 اور شام 5:30 بجے شروع ہوں گے۔ آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے ٹورنامنٹ آگے بڑھے گا، میچس میں دلچسپی اور جوش و خروش میں اضافہ ہوگا، جبکہ چوتھے ہفتے میں سیمی فائنل اور پانچویں ہفتے میں فائنل کھیلا جائے گا۔
آئیکون کھلاڑیوں کے پاس یو اے ای کا رہائشی ویزا ہونا ضروری ہے، جبکہ مہمان کھلاڑی وزٹ یا رہائشی ویزا کے ساتھ بھی شرکت کر سکتے ہیں۔ آٹھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر ٹیم اپنے گروپ میں تین میچس کھیلے گی۔ گروپ مرحلے کے بعد، ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
اس کے علاوہ، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ "جان اینڈ برادرز" نے پچھلے بی پی ایل ٹورنامنٹ کی طرح اس بار بھی مرکزی اسپانسر کے طور پر اپنی حمایت جاری رکھی ہے۔